پاکستان کے کامیاب اداکار فواد خان کی بولی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کو ریلیز ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے، لیکن آج بھی ہندوستان میں لوگ انہیں بھول نہیں پائے۔
انڈین ایکسپریس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کے ہدایت کار شکن بترا نے فواد خان کے حوالے سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا ’مجھے فواد خان بہت یاد آتے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ کیا مجھے اس بات پر خاموش رہنا چاہیے، میں انہیں کسی اور وجہ سے نہیں بلکہ اس لیے یاد کرتا ہوں کہ وہ بہت اچھے انسان ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا اچھا تجربہ تھا‘۔
مزید پڑھیں: بولی وڈ میں پابندی: فواد خان فلم فیئر ایوارڈز میں نامزد
شکن بترا نے مزید کہا ’ہم ہندوستانی پوری دنیا میں قانونی طور پر کام کرتے ہیں، اسی طرح اگر کوئی اور ہمارے ملک میں قانونی طور پر کام کرنا چاہے تو اسے پوری اجازت ملنی چاہیے، یہ دو طرفہ راستہ ہے‘۔
خیال رہے کہ فلم ’کپور اینڈ سنز‘ فواد خان کی بولی وڈ میں دوسری فلم تھی، انہوں نے 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ کے ساتھ بولی وڈ میں ڈیبیو کیا۔
فواد خان کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی اہم کردار ادا کرچکے ہیں اور ان کے کردار کے باعث فلم کو ہندوستان میں ریلیز ہونے پر پریشانی کا سامنا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ‘اے دل ہے مشکل پر پابندی سے بولی وڈ کو نقصان’
تاہم اب پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث ان پر بولی وڈ میں کام پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
فواد خان اس وقت پاکستانی ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔