لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی تنویر احمد نے کہا ہے کہ رواں سیزن میں ایک مرتبہ پھر لاہور قلندرز کی مایوس کن کارکردگی کے بعد فواد رانا شائد فرنچائز فروخت کر دیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رواں سیزن میں بھی لاہور قلندرز کی کارکردگی مایوس کن رہی جس جسے ابتدائی تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف جیت بھی ملی تاہم اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں بھی سب سے زیادہ 71 رنز کے مارجن سے شکست ہوئی۔تنویر احمد نے لاہور قلندرز کی اس کارکردگی سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ ”اگر معاملات درست نہ ہوئے تو فواد رانا شائد فرنچائز کسی اور کو فروخت کر دیں۔ انہوں نے ہر سال بہت رقم خرچ کی اور ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کا انعقاد کیا لیکن ہر سال ہی ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی، ٹرائلز کا فائدہ ہی کیا ہے جب ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کارکردگی ہی نہیں دکھانی۔
انہوں نے لاہور قلندرز انتظامیہ کی جانب سے فخر زمان کی جگہ سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے پر بھی تنقید کی اور کہا ”سلمان بٹ ٹی 20 کرکٹ کا کھلاڑی نہیں ہے اور فخر زمان کی جگہ انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ لاہور قلندرز فخر زمان کی ناکامی کے باوجود پاورپلے میں اچھا کھیل پیش کر رہی تھی ، لہٰذا اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ غلط تھا۔“