امریکی ایف بی آئی نے کہا ہے کہ وہ بطور سیکریٹری خارجہ ہلیری کلنٹن کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ استعمال کرنے کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کرے گا۔ ٹرمپ نے تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہلیری کو ایک بار پھر صدارت کے لیے ناموزوں قرار دیا ہے جبکہ ہلیری الیکشن کیمپین نے ایف بی آئی سے اس سلسلے میں وضاحت طلب کی ہے۔
ہلیری کلنٹن کے ذاتی ای میل اکاؤنٹ کے استعمال کی تحقیقات کا اعلان ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے کانگریس کی کمیٹی کو لکھے گئے ایک خط میں کیا۔
ایف بی آئی کے مطابق تحقیقات کے دوران قبضے لی گئی الیکٹرانک ڈیوائسز میں سے ایک ڈیوائس سے ہلیری کی نئی ای میلز دریافت ہوئی ہیں۔ یہ ڈیوائس ہلیری کی اس وقت کی معاون خصوصی ہما عابدین کے زیر استعمال تھی۔
جیمز کومے کا کہنا ہے کہ ہلیری کی ان نئی ای میلز کی تحقیقات کی جائیں گی کیونکہ ان میں خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل کی گئی تحقیقات میں ایف بی آئی نے کہا تھا کہ اسے اس حوالے سے کوئی بے قاعدگی ثابت نہیں ہوئی۔