اسلام آباد (یس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ایف بی آر ملازمین کے لیے نئی ہاؤسنگ اسکیمیں متعارف کروانے کی تجویز دیدی ہے۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر کی سربراہی میں ہونے والی اس حالیہ کانفرنس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کے افسران و اہلکاروں کے لیے رہائشی سہولتیں ناکافی ہیں اور صرف ایک سے دو فیصد افسران رہائش حاصل کرسکیں ہیں، باقیوں کے پاس رہائش کی سہولت نہیں ہے۔
رہائشی سہولت کے ناکافی ہونے کو مد نظر رکھتے ہوئے اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایف بی آر ملازمین و افسران کے لیے نئی رہائشی اسکیمیں متعارف کروائی جائیں تاکہ سرکاری رہائشی مکانات کی قلت کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ طے پایا ہے کہ ان لینڈ ریونیو سروس سے تعلق رکھنے والے افسران کو رہائش کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہاؤسنگ اسکیمیں شروع کرنے کی سمری تیار کرکے جلد منظوری کے لیے پیش کی جائے گی جبکہ یہ سمری ایف بی آر کے ممبر ایڈمن اور ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشن باہمی مشاورت کے ساتھ تیار کریں گے۔