راولپنڈی: بلوچستان میں آپریشن ردالفساد کے دوران دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنادیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ ایف سی بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنادیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے گزشتہ چار روز کے دوران کلیری دھل ،ڈیرہ بگٹی اوردشت کے علاقوں میں کارروائیاں کیں، اس دوران متعدد مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا جبکہ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ دہشت گردوں سے ملنے والے سامان میں آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز اور مواصلاتی آلات بھی شامل ہیں۔