اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور امیر دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں صاحبزادوں کی شاہانہ شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق شاہی خاندان کی شادی پر متحدہ عرب امارات میں جشن کا سماں ہے۔ ان کی شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے، جس میں شادی کی تاریخ و جگہ عربی میں لکھی ہے۔ کارڈ کے مطابق شادی کی تقریب 6 جون 2019 کودبئی کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگی۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی تصاویر کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکیٹو کونسل کے چیئرمین شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ان کے دو بھائیوں کی شادی6 جون کو دبئی کے آئیکونک ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہوگی۔ امیر دبئی کے بیٹوں کی شادی کے موقع پر پورے محل کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جس کی مختلف ویڈیوز تیزی سے سوشل میڈیا پروائرل ہورہی ہیں جبکہ ویڈیو کے پس منظر میں دبئی کا آئیکونک ٹاور بھی نظر آرہا ہے۔ واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں بیٹوں کا نکاح رواں ماہ 16 مئی کوہوگیا تھا تاہم اب اُن کی باقاعدہ شادی کی تقریب منعقد کی گئی ہے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم کے 36 سالہ بیٹے اور دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمد کا نکاح شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم سے ہوا۔ان کے چھوٹے بھائی اور دبئی کے نائب حکمران 35 برس کے شیخ مکتوم بن محمد کا نکاح شیخہ مریم بنت بتی المکتوم سے ہوا جبکہ تیسرے بیٹے اور نالج فائونڈیشن کے چیئرمین 32 سالہ شیخ احمد بن محمد بن راشد المکتوم کا نکاح شیخہ مدیہ بنت دلموج المکتوم کے ساتھ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا بھر سے متعدد ستاروں اور مشہور شخصیات کی جانب سے شیخ محمد اور ان کے بیٹوں کو مبارک باد کے پیغامات بھیجنےکا سلسلہ جاری ہے۔