اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی کابینہ نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے پاکستان قیام میں 31 مارچ 2017 تک توسیع اور الیکڑانک کرائمز ایکٹ کے تحت تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کے سپرد کرنے سمیت 18 نکات کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رہائش پذیر افغان مہاجرین ہمارے مہمان ہیں انہیں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس میں 19 نکاتی ایجنڈے پر غورکیا گیا ۔
وزیر اعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میگا ہائیڈل پراجکیٹس کی تعمیر سے توانائی کی ضروریات پوری ہونگی ، میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے سیلاب کے نقصان کم کرنے میں مدد ملے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہے ۔ حکومت نے مختصر، درمیانی اور طویل مدت کے توانائی منصوبے شروع کر رکھے ہیں ۔
وفاقی کابینہ نے رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے پاکستان قیام میں 31 مارچ 2017 تک توسیع کی منظوری دیدی ۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں اور ہمیں بہت عزیز ہیں ۔ افغان مہاجرین کو سہولتیں دینے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ وزیراعظم نے افغان نمائندوں اور قومی رہنماؤں کے درمیان مشاورت کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کا ایسا منصوبہ بنائیں گے جس سے دونوں ممالک کے عوام منفی تاثرنہ لیں ۔ وفاقی کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کی بھی منظوری دے دی ۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دیامربھاشا ڈیم کے متاثرین کومعاوضے کی رقم شفاف طریقے سے ادا کی جائے ۔ حکومت نے داسو ڈیم کیلئے رقم کا عالمی بینک سے انتظام کیا ۔
کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے اور اسٹیٹ بینک اور اردن کے مرکزی بینک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوری دے دی ۔
کابینہ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ماضی کے فیصلوں، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے تحت تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کے سپرد کرنے کی منظوری بھی دی ہے جبکہ برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی کا ایجنڈا کابینہ کے آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا ہے۔