وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھاتے ہی اپنی نو تشکیل کابینہ کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں ہر ہفتے اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ وزیراعظم نے وزرا کو اپنی وزارتوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل رات 8 بجے طلب کیا ہے جس میں وزرا کی وزارتوں سے متعلق کارکردگی پر بات کی جائے گی جب کہ اس دوران سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور روانگی سے متعلق بھی فیصلے کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ میاں نوازشریف 9 اگست کو اسلام آباد سے ریلی کی صورت میں براستہ جی ٹی روڈ لاہور روانہ ہوں گے جس کے لیے سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔