اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبروں کی تردید کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ یہ سب کی باتیں غلط ہیں میں کہیں نہیں جارہا۔ اس موقع پر انہوں نے یہ شعر بھی سنایا اور کہا کہ ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے۔ وزیراعظم کے بغیر بیرون ملک جاتا ہوں تو ایسی باتیں کی جاتی ہیں، عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کو تمہاری ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام جلد مکمل ہو جائے گا اور آئی ایم ایف کی شرائط سے پہلے ہی بنیادی تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اگلا کام بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کرنے کا ہے ، ہم پاکستان میں بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ خطرناک حد تک ادائیگیوں کے توازن کا بحران تھا جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق اقدامات پہلے ہی کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آپشنز پیدا کیے تھے اس لیے فوری طور پر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں کیا اور معیشت میں ایسے اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ پہلے آئی ایم ایف کی تجاویز پاکستان کی معیشت کے لیے بہتر نہیں تھیں اس لیے اُس وقت تک معاہدہ نہیں کیا جب تک وہ ہمارے سامنے ایسی تجاویز نہ رکھے جو معیشت کی بہتری کے لیے ہوں۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اس وقت امریکہ میں ہیں۔9 اپریل کو وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لئے واشنگٹن روانہ ہوئے تھے۔ ان کے امریکہ جانے کے بعد ملک میں مہنگائی پر اپوزیشن نے اسد عمر سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسد عمر کے امریکہ روانہ ہونے کے بعد ان کے استعفے کی خبریں گردش کر رہی تھیں تاہم اسد عمر نے خود ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔