اسلام آباد: پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت نے بھی پنجاب میں رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔
یس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب میں رینجرز کو تعینات کرنے کی سمری کی منظوری دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کر دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کی منظور کردہ سمری کے مطابق رینجرز پنجاب ہوم ڈپارٹمنٹ کی ہدایت پر کارروائی کرے گی اور رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف رینجرز سے مدد لینے کا فیصلہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کو 60 روز کے لئے اختیارات حاصل ہوں گے جب کہ رینجرز کو لاہور، راولپنڈی اور اٹک سمیت پنجاب کے 21 اضلاع میں کارروائی کا اختیار ہو گا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: پنجاب میں رینجرزکے آپریشن کی کوئی ضرورت نہیں
واضح رہے کہ سانحہ لاہور اور پھر سہون میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پنجاب میں چھپے دہشت گردوں کے خلاف رینجرز آپریشن کا مطالبہ کیا جا رہا تھا جس کی دو روز قبل پنجاب حکومت نے منظوری دی تھی اور گزشتہ روز پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی سمری پر گورنر سندھ محمد رفیق رجوانہ نے بھی دستخط کر دیئے تھے۔