وفاقی وزیر احسن اقبال سوموار کو ایئر یونیورسٹی میں قائم پہلے قومی سائبر سیکیورٹی سینٹر کا افتتاح کریں گے، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی فائز امیر سمیت پارٹنر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز بھی موجود ہوں گے، ایئر یونیورسٹی چار سالہ بیچلرز ڈگری برائے سائبر سیکیورٹی بھی متعارف کرائے گی
اسلام آباد (اصغر علی مبارک) پاکستان کو درپیش ڈیجیٹل خطرات سے نبزدآزما ہونے کیلئے ملک کے پہلے قومی سائبرسیکیورٹی سینیٹر کا افتتاح ایئریونیورسٹی اسلام آباد میں سوموار کے روز21مئی کو کیا جارہا ہے، ایک پریس بیان کے مطابق افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ہونگے ، اس موقع پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان، وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی فائز امیرسمیت دیگر پارٹنر جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود ہونگی۔ نیشنل سینیٹر فار سائبر سیکیورٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کیلئے باہمی اشتراک کو فروغ دیتے ہوئے مشترکہ جدوجہدہے۔نیشنل سینیٹر کے تحت ملک بھر کی نمایاں جامعات بشمول ایئر یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی، لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز، یونیورسٹی آف پشاور، یو ای ٹی ٹیکسلا ، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ، یو ای ٹی لاہور، یو ای ٹی پشاور میں جدید لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی جبکہ سائبر سیکیورٹی سینٹر کے ہیڈکوارٹرکیلئے ایئر یونیورسٹی کو منتخب کیا گیا ہے۔ رواں برس ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام چار سالہ بیچلرز ڈگری برائے سائبر سیکیورٹی بھی متعارف کرائی جارہی ہے۔