کراچی (یس ڈیسک) قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام سے خوفزدہ ہیں۔ الطاف حسین نے نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلدیاتی نظام سےخوفزدہ ہیں، بدقسمتی سے کالا باغ ڈیم پر سیاست، احتجاج اور لڑائی جھگڑے ہوتے رہے، چھوٹے صوبوں کے خدشات دور کرنے کیلیے عملی اقدامات نہیں کیے گئے، پانی کو ذخیرہ کرنے کیلیے جدید طریقوں کو اختیار نہیں کیا گیا ہے۔
قائد ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں گیس سلنڈر کی چیکنگ کا کوئی نظام موجود نہیں، مسافر بسوں اور ویگنوں میں لگے سلنڈر چلتے پھرتے بم بن چکے ہیں، حکومت ناقص سلنڈروں کے استعمال پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ متحدہ کے قائد نے مزید کہا کہ حکومت ملک کے گاؤں گوٹھوں میں تعلیمی مراکز قائم کرے، میٹرک تک مفت اور یکساں تعلیمی نظام قائم کیا جائے، غریب طلبا کے لیے لیپ ٹاپ ایک کھلونے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا ہے۔