آسٹریلیا میں اتوار کو نئی تاریخ بننے جارہی ہے۔ مردوں کے لسٹ اے میچ میں خاتون امپائر کی تقرری کی گئی ہے۔ کلیئر پولسیک ون ڈے چیمپئن شپ میں نیو سائوتھ ویلز اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان میچ میں فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیتی نظر آئیں گی۔
انہیں یہ اعزاز یونہی نہیں دیا جارہا بلکہ 29 سالہ کلیئر نے یہ حق بڑی محنت کے بعد حاصل کیا ہے۔ وہ عرصے سے اس کوشش میں لگی ہوئی تھیں، کئی بار امپائر ٹیسٹ میں فیل ہوئیں لیکن ہار نہیں مانی اور اب آسٹریلیا کے ٹاپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون بننے جا رہی ہیں۔ امکان ہے کہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک اسی میچ کے ذریعے ایکشن میں لوٹ سکتے ہیں۔ پولسیک نے اس سال انگلینڈ میں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے چار میچز سپروائز کیے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی لیکن کرکٹ امپائر بننے کا عزم ہمیشہ سے میرے سامنے تھا، اس مقصد کو پورا کرکے بہت خوش ہوں۔ یہ بہت سے لوگوں کے لئے عجیب ہے۔ میرے والدین نے میری حوصلہ افزائی کی۔