اسلام آباد: بے نظیرانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر نارویجین خواتین پر تشدد کرنے والی ایف آئی اے کی لیڈی کانسٹیبل غزالہ شاہین کو نوکری سے برطرف کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے بے نظیرانٹرنیشل ائیرپورٹ پر غزالہ شاہین نامی ایف آئی اے کی لیڈی کانسٹیبل نے پاکستانی نژاد نارویجین خواتین پرتشدد کیا تھا اور خواتین کو راول لاؤنچ سے ڈیپارچر لاؤنج تک بالوں سے پکڑ کرلائی تھی، خواتین مسافروں پر تشدد کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے غزالہ شاہین کو معطل کر دیا تھا جب کہ چیف جسٹس آف پاكستان جسٹس ثاقب نثار نے تشدد كے واقعے كا ازخود نوٹس لیتے ہوئے سیكریٹری داخلہ اور سیكریٹری سول ایوی ایشن سے تین روزمیں رپورٹ طلب کی تھی ۔ تحقیقات کی روشنی میں ایف آئی اے کی لیڈی کانسٹیبل غزالہ شاہین کو تشدد کے جرم میں نوکری سے ہاتھ دھونا پڑگئے ہیں جب کہ امیگریشن کے شفٹ انچارج انسپیکٹر ندیم کا کیس ہیڈ کوارٹر بھجوا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تشدد کا شکار ہونے والی دونوں خواتین کا تعلق نوشہرہ کے علاقہ صالح خانہ سے ہے جب کہ تشدد کے واقعے کے خلاف 2 مقدمے درج ہیں جس میں سے ایک امیگریشن اہلکاروں کے خلاف اور دوسرا مقدمہ تشدد کاشکار ہونے والی خواتین کے خلاف ہے۔