سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین اور مریم نواز کے علاوہ کیپٹن (ر) صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے اور گرفتاری کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔
Filed a petition to put Sharif family name in the ECL
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں خدائی خدمات گار تنظیم کی جانب سے نواز شریف ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین جب کہ صاحبزادی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی فوری گرفتاری اور نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے اور ان کے ملک سے فرار ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب آرڈیننس کے تحت جس کے خلاف انکوائری ہو، چیرمین نیب ان کی گرفتاری کا حکم دے سکتے ہیں تاہم اب تک چیرمین نیب نے نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے اور ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا جائے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے نااہل قرار دیا تھا۔