اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی گیس اسکینڈل کی دوبارہ تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی اسکینڈل کی از سر نو تحقیقات کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وزیراعظم ، ان کے پرنسپل سیکرٹری اور چیرمین نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم شاہد حاقان عباسی نے بطور وزیر پٹرولیم اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، وزیراعظم نے قطری کمپنیوں کوایل این جی گیس کے ٹھیکوں میں اربوں کی کرپشن کی، شاہد حاقان عباسی اورسابق چئیرمین احتساب بیورو سیف الرحمان نے ملی بھگت سے نیب انکوائری بند کروا دی۔ عدالت وزیراعظم کے خلاف نیب انکوائری ری اوپن کرنے کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے تمام ذمہ داران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ نیب قطر سے این ایل جی کی درآمد کے ٹھیکوں کی تفتیش کررہی تھی لیکن بعد میں اسے بند کردیا گیا تھا۔