ممبئی (یس ڈیسک) بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ہر اداکار کا ایک دور ہوتا ہے اور فلم انڈسٹری میں میرا وقت گزر چکا اب نئے اداکاروں کا دور ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کا اپنے ایک انٹر ویو میں کہنا تھا کہ جس طرح کھلاڑی ایک مخصوص عمر کے بعد جسمانی طور پر کمزور ہونے کی وجہ سے کھیل میں بہت زیادہ حصہ نہیں لیتے بالکل اسی طرح جب اداکاروں کی عمر ڈھلتی ہے تو ان کے چہروں میں تبدیلی آ جاتی ہے اور ایک وقت ایسا آتا ہے جب اداکار کسی خاص کردار کے لئے فٹ نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر عمر کے ساتھ کمزوزی بھی آ جائے تو بندے کو کام چھوڑ دینا چاہیئے، میں سمجھتا ہوں کہ اب میرا وقت گزر چکا ہے، ہر 5 سے 10 سال بعد ایک نیا سپر اسٹار آ جاتا ہے اور آپ کو اس کے سامنے جھکنا پڑتا ہے۔ خدا نے مجھے اتنی بڑی نعمت سے نوازا کہ میں 4 دہائیوں سے فلم انڈسٹری میں کام کررہا ہوں اور اس عرصے میں بہت سے لوگوں کے ساتھ کام کیا اور ہر روز کچھ نیا سیکھا۔
اپنی بہو ایشوریا رائے کے فلموں میں کم بیک کے حوالے سے سپر اسٹار کا کہنا تھا کہ کسی نے کبھی بھی انہیں فلموں میں کام کرنے سے نہیں روکا۔ ایشوریا رائے سنجے گپتا کی فلم ’جذبہ‘ میں لمبے وقفے کے بعد فلم انڈسٹری میں واپس قدم رکھ رہی ہیں۔