کراچی: پاکستانی فلم فلم ’’جذبہ ‘‘16دسمبر2016ء کو پورے پاکستان میں ریلیز کی جارہی ہے جسے گذشتہ ہفتے سندھ سینسر بورڈ اور پنجاب سینسر بورڈ سے ’’سینسر سرٹیفکیٹس‘‘ مل چکے ہیں۔
یہ بات پروڈیوسراسد جاوید نے یس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز فلم کی ریلیز کے حوالے سے فلم ڈسٹری بیوٹرکے ایک ادارہ سے تمام معاملات طے ہوچکے ہیں، فلم کی بھرپور کامیابی کے لیے بھر پور انداز میں تشہری مہم شروع کی جائے گی کیونکہ آج کے دور میں مارکیٹنگ ہی فلم کو کامیابی تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس سلسلے میں آئندہ چند روز تک اس حوالے سے پریس کانفرنس اور فلم کے تمام فنکاروں کے ساتھ شوبھی کیے جائیں گے۔
اسدجاوید نے بتایا کہ فلم کے رائیٹرابرارحبیبی ہیںجب کہ کاسٹ میں ہیرو ببرک شاہ، ہیروئن حناممتاز، بابرخان، فریال رانا، شیراز سکندر، عثمان، شفیق راجہ، شاہد ہاشمی، سلیم البیلا، سمیع ودیگر شامل ہیں، فلم کے ڈانس ڈائریکٹر پپوسمراٹ،میک اپ مین شہزاد منا جب کہ گلوکاروں میں انور رفیع، سائرہ نسیم، فاروق شاد، سہیل ارشد اور صائمہ ممتاز شامل ہیں شاعری اور میوزک ڈائریکٹر کی خدمات علی ساجدنے دی ہیں۔
فلم ’’جذبہ ‘‘ کے کیمرہ مین آفتاب احمد ہیں پروڈیوسر اسد جاوید نے کہا کہ فلم کو کامیاب بنانے میں فلم بینوں کا سب سے اہم کردار ہوتا ہے اس وقت پاکستانی فلموں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے ملک میں زیادہ سے زیادہ فلمیں بنیں اور سنیما اندسٹری کو بھی فروغ حاصل ہو۔