لاہور (ویب ڈیسک)سینئر تجزیہ کار مجیب الرحمان شامی نے کہاہے کہ چین پاکستانی مصنوعات کی بڑی منڈی بن سکتاہے ، حکومت کو چائنہ کے ساتھ ڈالر میں تجارت پر پابندی لگا دینی چاہئے ۔ پروگرام نقطہ نظر میں میزبان عبیداللہ صدیقی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی نے کہا کہ ،
چین پاکستانی مصنوعات کیلئے بڑی منڈی بن سکتاہے اس پر ہمیں توجہ دینی ہوگی ، پاکستان کی معیشت کیلئے چین کے ساتھ مقامی کرنسیوں میں تجار ت اچھی خبر ہے اور اب حکومت کوچائنہ کے ساتھ ڈالر میں تجارت پر پابندی لگادینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سی پیک کے تناظر میں چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق پاکستان میں ہتھیار اٹھانا گناہ کبیرہ سمجھتے تھے اور ایسے لوگوں کا کبھی ساتھ نہیں دیا ، وہ تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے تھے حالانکہ کوئی عالم دین تحریک انصاف کے ساتھ نہیں کھڑا تھا ۔ جس دن ان کی شہادت ہوئی ہے تو دھرنے والوں اورحکومت کے مذاکرات کامیاب ہوگئے اور یہ مولانا کا آخری کارنامہ تھا کہ جاتے جاتے بھی ان کے خون نے امن قائم کردیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے دھرنے والوں کے ساتھ جو معاہدہ کیاہے اس کی پاسداری کرے اور اب دھرنے کے بعد حکومتی رٹ قائم کرنے کے شوق میں ہوا میں لاٹھیاں نہ گھمائے ۔