کراچی : ایم کیو ایم کی جانب سے استعفوں کے بعد حکومتی سطح پر پہلی بار متحدہ سے رابطہ کیا گیا ہے جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈاکٹر فاروق ستار کو فون کرکے استعفے واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے ایم کیوایم رہنما سے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست کی جب کہ وزیر خزانہ نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور حکومت چاہتی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پارلیمانی کردار ادا کرتی رہے جب کہ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ارکان کے استعفوں کی واپسی کا اختیار ان کے پاس نہیں بلکہ الطاف حسین کے پاس ہے۔