پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابند ی ختم کرنے کے فیصلے کے بعدبالی ووڈ اسٹارز کافی خوش نظر آرہے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے فلم اسٹار پریانکا چوپڑ ا کا کہنا تھا کہ وہ فن کا مظاہرہ دنیا بھر میں جاری رہنے پر یقین رکھتی ہیں ۔
کاجول نے بھی پاکستانی سنیما مالکان کے اقدام پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کو فلمی صنعت کیلئے ایک بہتر عندیے سے تعبیر کیا ۔
کاجول کا کہنا تھا کہ کسی بھی جگہ جہاں پر فلمی صنعت کی بنیاد رکھی جاتی ہے اور جہاں اس کو مثبت اشارے ملتے ہیں، وہ اس کی حمایت میں ہیں۔
انیل کپور نے بھی پاکستانی سنیما مالکان کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اچھی خبر ہے۔
واضح رہے پاکستان میں سنیما مالکان کی جانب سے بھارتی فلموں کی اسکریننگ پر سے پابندی کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا۔