کیلی فورنیا: آگ نے قریبی شہروں ناپا اور سونوما کے رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، زخمیوں اور ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ، 200 فائر فائٹرز، 6 ہیلی کاپٹر اور 5 ہوائی جہاز امدادی کارروائیوں میں مصروف
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شمالی جنگلات میں لگی آگ سے 11 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق آگ اب کیلی فورنیا کے شہروں ناپا اور سونوما کے رہائشی علاقوں کی جانب بڑھ چکی ہے، جس کے باعث 1500 سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ امریکی فلاحی ادارے سینٹ جوزف ہیلتھ کا کہنا تھا کہ اب تک آگ سے متاثرہ 100 سے زائد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کیلی فورنیا کا دورہ کیا اور ریاستی حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ اس مشکل وقت میں وفاقی حکومت ان کے ساتھ ہے اور نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 200 فائر فائٹرز، 6 ہیلی کاپٹر اور 5 ہوائی جہاز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ فائر فائٹر ادارے نے بتایا کہ آگ کے شعلے تیز چلتی ہواؤں کی وجہ سے آگے بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث آگ دیگر علاقوں میں بھی پھیل رہی ہے۔