اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ افغان سرحد سے فائرنگ کے واقعات امن کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں لہذا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔
وزیر اعظم نوا زشریف نے پاک افغان بارڈر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بارڈر پر فائرنگ اور اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے، فائرنگ کے واقعات امن کی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہیں لہذا افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرے۔دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی افغان بارڈر پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ آج صبح افغان فورسز نے چمن کے سرحدی علاقے میں پاکستانی چیک پوسٹوں پر فائرنگ کی اور گولے برسائے، افغان فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے گلدار باغیچہ اور اڈہ کہول میں مکانات پر گرنے سے 8 پاکستانی شہری شہید جب کہ 6 بچوں اور 3 خواتین سمیت 36 افراد زخمی ہو گئے۔