بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگیا جب کہ ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں گھر پر فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے ، لاشیں ضروری کارروائی کے لئے مقامی اسپتال پہنچا دی گئی ہیں، جہاں شناخت میر حسن اور حیات کے ناموں سے ہوئے ہیں ، دونوں سگے بھائی بتائے جاتے ہیں ، ابتدائی طور پر فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور میں فائرنگ کا واقعہ سبزی منڈی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے علاقے میں سیکورٹی پر مامور اہلکار پر جدید اسلحے سے فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں سیکورٹی اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگیا ،فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔