بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی ایک بار پھر دفتر خارجہ طلبی، کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے چھ شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کو رواں سال 178 بار پامال کر چکا ہے۔
اسلام آباد: مودی سرکار کی جانب سے مسلسل سرحدی دہشتگردی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور کنٹرول لائن پر فائرنگ سے چھ شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے ایک مراسلہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کے حوالے کیا گیا۔ خط میں جندروٹ، نکیال سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے چھ افراد کے شہید اور 8 افراد کے زخمی ہونے پر سخت احتجاج کیا گیا۔
دوسری جانب یو این آبزرور گروپ نے ایل او سی کا دورہ کیا اور بھارتی جارحیت سے متاثرہ افراد سے ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ کے حکام کوٹلی کے قریب کنٹرول لائن پر گئے اور بھارتی فائرنگ سے متاثرہ شہریوں سے ملے۔ بھارتی فوج اس سال ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی 178 بار خلاف ورزی کر چکی ہے جس سے 19 شہری شہید اور 80 زخمی ہوئے۔