آکلینڈ…..پہلے ٹی 20انٹرنیشنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد16رنز سے شکست دے دی، گرین شرٹس نے 172رنز کا ہدف دیا لیکن پوری کیوی ٹیم 155رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے۔آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 20اوورز میں 8وکٹیں گنواکر 171رنز بنائے ، محمد حفیظ نے 61اور آفریدی نے 8گیندوں پر 23رنز کی اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں بلیک کیپس کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 9رنز پر گپتل 2رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ولیم سن اور مونرو نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 80رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی، مونرو27گیندوں پر 56رنز کی اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے۔اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں اور107رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔کپتان ولیم سن نے مرد بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھالے رکھا لیکن ان کے 70رنز بھی ٹیم کے کسی کام نہ آئے اور پوری ٹیم172رنز کے ہدف کے تعاقب میں 155رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔یوں پاکستان نے تین میچوں کی سریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔محمد عامر نے ہنری کو آئوٹ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں 5سال بعد پہلی وکٹ حاصل کی۔وہاب ریاض نے تین، عمرگل اور آفریدی نے دو، دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔شاہد آفریدی کو آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قراردیا گیا۔اس سے قبل کیوی کپتان ولیم سن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کو 33کے مجموعی اسکور پر پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا، جب احمد شہزاد ملنے کی گیند پر ایلیٹ کو کیچ دے بیٹھے، گرین شرٹس کی دوسری وکٹ بھی جلد ہی گرگئی اور صہیب مقصود غیرضروری طور پر کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش میں بغیر کھاتہ کھولے اسٹمپ ہوگئے۔شعیب ملک تیزرفتار بیٹنگ کی کوشش میں سینٹنر کی گیند پر ایلیٹ کو کیچ دے بیٹھے، شعیب نے 18گیندوں پر 20رنز بنائے۔ دوسری جانب پروفیسر نے ناپ تول کر شاٹس کھیلتے ہوئے38بالز پردو چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔حفیظ بھی تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں ملنے کی بال پر ایسٹل کو کیچ آئوٹ ہوگئے، حفیظ نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ عمر اکمل نے 24 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔بوم بوم آفریدی نےدھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 8گیندوں پر 23رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں دو چھکوں اور دو چوکے شامل تھے۔ انہوں نے ہنری کے ایک اوور کی پانچ گیندوں پر 21اسکور کیے۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ملنے نے 4، سینٹنر نے دو جبکہ بولٹ اور ہنری نے ایک ، ایک وکٹیں حاصل کیں۔سیریز کا دوسرا میچ 17جنوری کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔