کابل: افغان دارالحکومت میں ملٹری اکیڈمی پر مسلح افراد کے حملے میں 5 فوجی ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے جبکہ افغان فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو گردفتار اور تین کو ہلاک کردیا۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پر 5 عسکریت پسندوں نے صبح سویرے حملہ کردیا۔ ترجمان دولت وزیری کے مطابق پہلے حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد دیگر حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی کوئی بھی حملہ آور اکیڈمی کے پہلے گیٹ سے آگے نہیں جا سکا۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے تین حملہ آوروں کو ہلاک کیا اور ایک کو گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ مارشل فہیم ڈیفنس یونیورسٹی افغانستان کی مرکزی ملٹری اکیڈمی ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ڈیفنس یونیورسٹی کے کیڈٹس کی بس سے ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔