کراچی(ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈ اداکار فردوس جمال اوراداکارہ فضاعلی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دونوں کلاسیکل بالی ووڈ فلم کے گانے پر پرفارمنس دیتے نظر آرہے ہیں۔اداکارہ فضا علی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اور پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال بالی ووڈ
اداکار راج کپور اورنرگس کی فلم’’چوری چوری‘‘کے مقبول گیت ’’آجا صنم مدھر چاندنی میں ہم تم‘‘ پر پرفارمنس دیتے نظر آرہے ہیں۔ویڈیو میں فردوس جمال کے چہرے کے تاثرات انتہائی کمال کے ہیں جب کہ وہ فضا علی کے ساتھ اس گانے پر پرفارمنس دیتے ہوئے کافی خوش بھی نظر آئے۔ فضاعلی نے ویڈیو کے ساتھ پیغام لکھتے ہوئے فردوس جمال کو لیجنڈ اور سپر اسٹار قرار دیااور کہا کہ فردوس جمال نہ صرف بہترین اداکار ہیں بلکہ ہمارے ملک کا فخر ہیں۔فضا علی نے مزید لکھا فردوس جمال کے ساتھ یہ گانا گاکر مجھے بہت مزہ آیا۔ اللہ انہیں صحت اورزندگی دے اور انہیں اسی طرح ہمارے درمیان رکھے ہمیں فردوس صاحب سے بے حد محبت ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی فردوس جمال اور فضا علی کی ویڈیو کو بہت سراہا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ فردوس جمال گزشتہ برس اداکارہ ماہرہ خان کے حوالے سے دئیے جانے والے بیان کے باعث تنقید کی زد میں آگئے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ماہرہ خان کی عمر ہیروئن کے نہیں بلکہ ماں کے کردار کرنے والی ہے۔ بعدازاں انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا میں نے ماہرہ خان کی اداکاری کے بارے میں تکنیکی طور پر بات کی تھی کہ وہ اسٹار تو ہوسکتی ہیں لیکن اداکارہ نہیں۔