لاہور: معروف اداکارہ و ماڈل فضا علی نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔
اداکارہ و ماڈل فضا علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز کراچی سے بطور ماڈل کیا۔ ماڈلنگ کے دوران جہاں بہت سے برانڈز کے فوٹو شوٹ کیے، وہیں وڈیوز کے علاوہ ریمپ پر کیٹ واک کرتی بھی دکھائی دیں۔ ماڈلنگ میں نمایاں مقام ملنے کے بعد انھیں ٹی وی میں کام کرنے کی آفرز کا سلسلہ شروع ہوا، جس پر انھوں نے فیشن انڈسٹری کو پیچھے چھوڑ کر ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کا آغاز کیا۔
فلم انڈسٹری کے مایہ ناز ہدایتکار جاوید فاضل کی ڈرامہ سیریل ’’مہندی‘‘ میں مرکزی کردار نبھایا اور ان کے کردار کو خوب شہرت حاصل کی۔ فضاء علی کے مقبول ڈراموں میں ’’ لگن، اپنے ہوئے پرائے، پیاری شموں، احساس، شیشے کا محل، یادیں، کانپور سے کٹاس تک، وہ صبح کب آئے گی، موم، چنری، راجر، لولائف اور لاہور، دشت محبت، زندگی کی راہ میں، صراط مستقیم، سات سررشتوں کے، سسرال گیندا پھول، آواز، محبت وہم ہے، زرا سی غلط فہمی، مور محل، شام ڈھلے اور ناگن‘‘ شامل ہیں۔
اداکاری کی بھرپور اور کامیاب اننگز کے ساتھ ساتھ فضا علی نے جہاں بطور میزبان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، وہیں بطور گلوکارہ گیت بھی ریکارڈ کیے۔ تاہم بطور گلوکارہ انھیں وہ پذیرائی نہ مل سکی، جو اداکاری، میزبانی اور ماڈلنگ میں ملی تھی۔
فضا علی نے 2007ء میں فواد فاروق نامی بزنس مین سے شادی کی، جس میں سے ان کی ایک بیٹی ہوئی، لیکن 2017 میں فضا علی نے سوشل میڈیا پر اپنا نام اچانک تبدیل کرکے فضا قمر رکھ لیا، جس پر یہ افواہ گردش کرنے لگی کہ ان کی طلاق یا شوہر سے علیحدگی ہوگئی ہے لیکن اس موقع پر انھوں نے اس خبر کی تردید کی تھی۔
اس حوالے سے جب فضا علی سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ انھوں نے شوبز کی دنیا کو چھوڑ دیا ہے لیکن شوبز چھوڑنے کی وجوہات کی تفصیلات فی الوقت نہیں بتا سکتی۔