لاس اینجلس: فوجی طیاروں کے فاضل پرزے اور دیکھ بھال کا کام سعودی عرب میں ہوگا، سعودی ولی عہد اور امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔
شہزادہ محمد نے مائیکرو سافٹ کے بل گیٹس اور دیگر کمپنی کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں کیں، عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد کا امریکا کا 3 ہفتوں کا سرکاری دورہ جاری ہے، انھوں نے سیاٹل شہر میں امریکی کمپنی مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس، امیزون اوردیگر کمپنیوں کے سی ای اوز سے ملاقات کے دوران انھیں ریاض میں سرمایہ کاری کی دعوت دی بھی دی۔
امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ حکام سے ملاقات کے دوران سمجھوتے میں طے پایا کہ طیاروں کے فاضل پرزے اور دیکھ بھال کا کام مشترکہ طور پر سعودی عرب میں کیا جائے گا اور کمپنیاں وژن 2030 کے تحت بننے والے نئے شہر میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کریں گی جبکہ ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے مائیکرو سافٹ کمپنی کے سربراہ ستیا نارائن نادیلا نے ملاقات کی۔
سعودی شہریوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل صنعت کی تربیت کے علاوہ وژن 2030 میں مملکت اور مائیکرو سافٹ کمپنی کے درمیان شراکت پر گفتگو ہوئی۔
قبل ازیں ولی عہد سے بل گیٹس نے بھی ملاقات کی تھی، اپنے دورے کے پانچویں پڑاؤ میں بن سلمان لاس اینجلس پہنچ گئے، لاس اینجلس میں سعودی ولی عہد نے ہالی وڈ کے متعدد سینئر پروڈیوسروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے لاس اینجلس شہر کے میئر کے علاوہ امریکی خلائی شعبے اور ناسا ایجنسی میں چیدہ عرب اور امریکی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔