گوئٹے مالا سٹی : گوئٹے مالا میں آتش فشاں سے ابلتے لاوے نے آبادی کو لپیٹ میں لے کر تباہی مچادی، لاوے سے 62 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گوئٹے مالا کے دارالحکومت گوئٹے مالا سٹی سے تقریبا 40 کلومیٹر دور واقع ’فیوگو‘ آتش فشاں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، آتش فشاں سے ابلتے لاوے نے آبادی کو لپیٹ میں لے کر ہر طرف تباہی مچادی۔
آتش فشاں پہاڑ پھٹنے سے 62 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، ہلاک افراد میں بچے بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
لاوے کے پھیلاؤ کی وجہ سے کئی گھر زمیں بوس ہوگئے، کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں اور کئی رابطہ سڑکیں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ چکی ہیں جبکہ ال روڈیو نامی پورا قصبہ اور اس کی آبادی زندہ دفن ہوگئی ہے۔
لاوے اور دھوئیں کے اخراج کے باعث گوئٹ مالاسٹی کا ائیرپورٹ بند اورپروازیں منسوخ کردی گئیں جب کہ صدر جمی مورالز نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق لاوے کے اخراج کی وجہ تین سو سے زائد افراد زخمی ہیں، جو مقامی اسپتالوں میں زیر علاج ہے ،ڈاکٹروں کے مطابق بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
آتش فشاں کے آس پاس کے علاقے سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سنہ 1974 کے بعد سے یہ سب سے بڑا آتش فشاں پھٹا ہے۔