اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ کابل کا دورہ ایک فالو اپ تھاجس سے یہ میسج دیا گیا ہے کہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں ،ہم افغانستان میں امن کے خواہاں تھے اور خواہاں ہیں اور اس سلسلے میں پوری معاونت جاری رکھیں گے۔ یہ بات وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے دورے کے حوالے سے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہی. انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنی زمین دہشتگردی کیلئےاستعمال نہیں ہونے دینگے، دونوں حکومتیں اسی جذبے کو لے کر آگے چلیں گی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ میری افغانستان کے وزیرخارجہ اور انکی ٹیم کے ساتھ اہم نشست ہوئی اور کثیرالجہتی دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔افغانستان اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں تعلقات کی نوعیت پر گفتگو اور اتفاق رائے ہوا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ اشرف غنی اس دورے کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔اشرف غنی عمران خان کےدورےکےمنتظر تھے ،وزیرخارجہ نے کہا کہ اشرف غنی مستقبل قریب میں پاکستان کادورہ کریں گے ۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کے ہمراہ عظیم دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔اس دورے میں بہت اچھی نشستیں ہوئیں ،دونوں حکومتیں متفق ہیں اپنی زمین دہشتگردی کیلئےاستعمال نہیں ہونے دینگے،دونوں حکومتیں اسی جذبے کو لے کر آگے چلیں گی۔