سندھ اور پنجاب کے بعض علاقوں میں دھند چھاگئی،جس کے باعث کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پرکئی پروازیں متاثر ہوئیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ چار پروازوں کو مسقط میں اتارا گیا ۔ کراچی میں سپر ہائی وے ،نیشنل ہائی وے اور پنجاب میں موٹروے پر ٹریفک کی روانی دھند سے متاثرہوئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق دونوں شہروں میں رات دو بجے سے حد نگاہ انتہائی کم ہے، جس کے باعث بعض قومی اور بین الاقوامی پروازوں کو مجبوراً دیگر نزدیک ترین ایئرپورٹس پر اتارا گیا۔ دھند کے باعث چار پروازوں کو مسقط اتارا گیا ہے جن میں جدہ سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 732، دبئی سے کراچی آنے والے پرواز پی کے 214 ، اسلام آباد سے ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 261 اور لندن سے کراچی آنے والی پرواز پی کے 788 شامل ہیں۔ دمام سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 248 کو بھی رات گئے ملتان ایئر پورٹ پر اتارلیا گیا۔ترجمان کے مطابق حد نگاہ بہتر ہونے پر پروازوں کو مقررہ ایئرپورٹس پرلایاجائے گا۔ مسافر پریشانی سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ آنے سے پہلے پروازوں کا وقت دوبارہ معلوم کرلیں۔دوسری جانب سندھ، پنجاب کے کئی شہروں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ادھرملک کے بالائی علاقوں میں سردی بڑھتی جارہی ہے،جس کی وجہ سے گرم کپڑوں، سوپ، خشک میوے کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ جلانے کی لکڑی کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیرسمیت پہاڑی علاقوںمیں یخ بستہ ہواؤں نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔خیبر پختونخوا کے علاقوں میں موسم سرد کے ساتھ خشک ہے جس سے موسمی بیماریاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔محکمہ موسمیات کے مطا بق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔