پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) سیرت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ جس نے بھی رحمت العالمین صلی اللہ علیہ وسلم کا دامن پکڑ لیا اس نے دنیا کے آلام و مصائب سے چھٹکارہ حاصل کرلیا۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز صاحبزادہ مرتضٰی امین صاحبزادہ مرتضٰی امین سجادہ نشین آستانہ عالیہ آلو مہار شریف ڈسکہ نے پیرس میں ادارہ منہاج القرآن لاکورنیو مرکز میں سیرت النبی کی ایک محفل میں کیا۔ اس محفل کا اہتمام فرانس کی معروف کاروباری شخصیت نمبردار امجد مہر ڈھل بنگش ، نمبردار قیصر مہر ڈھل بنگش اور میاں ناظم نے کیا ۔ اس محفل میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ صاحبزادہ مرتضی امین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیار غیر میں مسلم والدین کی ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے کہ وہ اپنی اولاد کو آقائے دو جہاں خاتم النبین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت سے آگاہ کریں اور اس ملک میں اپنے اخلاق و ایثار سے غیر مسلموں تک فلاح کا پیغام پہنچائیں۔ اسلام کی تعلیمات اخلاق ، محبت ، بھائی چارہ اور مساوات سے لوگوں کو اپنے قریب لائیں اور درگزر کا راستہ اختیار کریں تو ان شاء اللہ آپ کی زندگی میں بھی سکون ہوگا اور اللہ تعالٰی آخرت میں اس کا اجر عظیم عطا فرمائیں گے۔ صاحبزادہ مرتضٰی امین نے اس محفل کا اہتمام کرنے پر نمبردار امجد مہر ڈھل بنگش ، نمبردار قیصر مہر ڈھل بنگش اور میاں ناظم کے لئے خصوصی دعا کی کہ اللہ تعالٰی ان کے کاروبار و مال میں برکت فرمائے اور ان کی اولاد کو صراط مستقیم پر چلائے اور دنیا و آخرت میں کامیابی عطا فرمائے ۔ محفل کے اختتام پر حاضرین کے لئے خصوصی لنگر کا انتظام بھی کیا گیا۔