آپ نے بہت بار سُنا ہوگا کے ایسی غذائیں کھائیں جس کے بعد آپ کو بہت دیر تک بھوک نہ لگے، تاکہ آپ کو بہت زیادہ کھانا کھانے کی ضرورت بھی نہ پڑے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایسی بھی غذائیں ہیں جن کو کھا کر الٹا اثر ہوتا ہے یعنی آپ کی بھوک کم نہیں ہوتی بلکہ اور بڑھتی ہے۔
ایسی غذاؤں کو کھا کر نہ چاہتے ہوئے بھی آپ دوبارہ بھوک محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر تب جب آپ اپنا وزن کم کرنے کی کوشش کررہے ہوں۔
ایسا آپ کے ساتھ کئی بار ہوا ہوگا جب کچھ کھانے کے بعد آپ کو محسوس ہو کے پیٹ اچھی طرح بھر گیا ہے، لیکن اس کے ایک گھنٹے بعد ہی آپ کو پھر سے بھوک لگنے لگے۔
ایسی ہی چند غذائیں یہاں بتائی جارہی ہیں جن کو کھانے کے بعد آپ کو جلد دوبارہ بھوک لگ سکتی ہے تو اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں یا کم کھانا پسند کرتے ہیں تو ان غذاؤں کا استعمال کم ہی کریں۔
فریش جوس
بہت لوگوں کا ماننا ہے کہ فریش جوس وزن کم کرنے کے لیے فائدہ مند ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کے جوس پینے کے بعد آپ کو زیادہ بھوک لگتی ہے، اس میں چینی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو جلد ہضم ہونے والی غذاؤں میں شامل ہے اور یہی وجہ ہے کہ جوس پینے کے بعد آپ کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پیٹ بھر چکا ہے لیکن اس کے کچھ ہی دیر بعد آپ بھوک محسوس کرنا شروع کردیتے ہیں۔
چپس یا پاپڑ
چپس سامنے رکھیں ہوں اور انہیں نہ کھایا جائے یہ ممکن ہی نہیں، ان میں سوڈیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، اور اہم بات یہ ہے کہ آپ جتنی زیادہ چپس کھاتے رہیں گے آپ کو اتنی ہی زیادہ بھوک لگتی رہے گی، ایسے موقع پر پانی کا ایک گلاس بھی پیا جاسکتا ہے لیکن آپ کو ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کے پیٹ خالی ہے اس لیے آپ کچھ اور کھانے کا ارادہ کرلیتے ہیں۔
پنیر
پنیر دودھ سے تیار کی جاتی ہے، جس میں فیٹ اور نمک کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ بہت سے ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ آپ جتنی زیادہ پنیر کھائیں گے آپ کو انتی ہی زیادہ بھوک لگتی رہے گی، اور بہت زیادہ پنیر کا استعمال جسم کو موٹا بھی بناتا ہے۔
انڈے کی سفیدی
ویسے تو انڈے کھانا صحت کے لیے بہت مفید ہے اور بہت سے لوگ انڈے کی زردی ہٹا کر صرف سفیدی اس لیے کھاتے ہیں تاکہ وہ موٹے نہ ہوں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کے ناشتے میں صرف انڈے کی سفیدی کھائی جائے تو بھوک زیادہ لگتی ہے، جس سے آپ کو دن کا کھانا جلد کھانے کی طلب ہوتی ہے۔
انڈے کی سفیدی میں پروٹین کی مقدار زیادہ ہے جو صحت کے لیے کافی اچھی ہے لیکن اس میں فیٹ، اور وٹامنز موجود نہیں جس کے باعث اس سے پیٹ نہیں بھرتا۔