چودھری نثار نے کہا فول پروف سیکورٹی کی گارنٹی پر ہی قومی ٹیم کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے بھی ورلڈ ٹی 20 میں قومی ٹیم کی سیکورٹی کے حوالے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ٹیم کو کسی مشکل میں نہیں ڈال سکتے ۔ بھارت کی جانب سے فول پروف سیکورٹی کی گارنٹی پر ہی قومی ٹیم کو جانے کی اجازت دی جائے گی۔ وزیر داخلہ کہتے ہیں تحفظ کی ضمانت بھارت اور آئی سی سی کی ذمے داری ہے۔ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں پاکستان اور بھارت کا میچ انیس مارچ کو دھرم شالا میں شیڈول ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ ششانک منوہر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو ٹیلی فون کر کے یقین دہانی کرائی تھی کہ میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس سے پہلے ہماچل پردیش کی حکومت نے پاک بھارت میچ کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا۔وزیر اعلی ویر بہادرا سنگھ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو خط لکھ کر بتا دیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم کو سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے۔ بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے مقابلے آٹھ مارچ سے شروع ہونگے۔