اسلام آباد(ایس ایم حسنین) سعودی حکومت نے کرونا کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے مقصد کے تحت حج کے موقع پر اجازت کے بغیر مقامات مقدسہ میں اتوار کے روز سے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عرب خبررساں ادارے کے مطابق مقدس شہر مکہ میں کنٹرول سنٹرز کام کا آغاز کررہے ہیں تاکہ اتوار کی صبح سے بغیر اجازت کے منیٰ‘ مزدلفہ اور عرفات میں داخلے پر پابندی لگائی جاسکے۔ پابندی کی خلاف ورزی پر 10,000 ر یال جرمانہ عائد کیاجائے گا اور دوبارہ غلطی پر جرمانہ کی رقم دوگنی کردی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق جولائی کے آخر میں شروع ہونے والے حج کے دوران کرونا وائرس کی وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت قوانین کا حصہ یہ اقدامات ہیں۔ سعودی حکومت نے اعلان کیاکہ اس سال 70 فیصد عازمین غیر ملکی باشندے ہوں گے جبکہ 30فیصد سعودی شہری ہونگے۔عازمین کی زیادہ سے زیادہ تعداد 10,000مقرر کی گئی ہے۔ مذکورہ سعودی وزرات برائے حج اور عمرہ نے کہاکہ اس سال حج میں شرکت کرنے والوں کو دی جانے والے اجازت صحت کے اعتبار سے ہوگی۔