ٹھریر: ایم آر ملک
اقتدار وہ آکسیجن ہے جس کے بغیر وطن عزیز کے اصحاب ِ سیاست کی زندگی ممکن نہیں اور نظریاتی ورکر اقتدار کے اس آکسیجن کا ایندھن ہیں مسلم لیگ ن ہو یا پیپلز پارٹی ان پارٹیوں پر قابض ناخدائوں کا شرف ِ کمال ہے کہ الیکشن کے دنوں میں یہ ہر بار نظریاتی ورکروں کو اک نئے خواب کے سانچے میں ڈھال کر نعرے لگواتے ہیں ایک خوشگوار مستقبل کی اُمید لئے یہ ورکرہر بار ان کے دام میں آجاتے ہیں
میاں یٰسین آزاد کا شمار بھی ایسے ورکروں میں ہوتا ہے جو قیادت کی ہر بات کو حکم کا درجہ دیتے ہیں جن کا جینا قیادت کیلئے اور مرنا قیادت کیلئے ہوتا ہے مجھے یاد ہے جس روز میاں نواز شریف کی طرف سے تحریک نجات کی کال ملی تو جنوبی پنجاب میں میاں یٰسین ایک ایسا ورکر تھا جس نے ریاستی پولیس کی گنوں کے سامنے اپنی چھاتی اور ڈنڈوں کے سامنے اپنی پیٹھ کئے رکھی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے
جس کو پولیس نے اُٹھا کر پسِ دیوار زنداں دھکیل دیا پولیس تشددنہ اُس کی پیشانی پر بل ڈال سکا نہ اُسکی آنکھوں میں نمی لاسکا میاں نواز شریف کے اس وفادار سپاہی نے اس سزا کو اپنے لئے ایک اعزاز سمجھا مقدمات کی طوالت اس کے ارادوں میں دراڑ ڈالنے سے قاصر رہے
مگر اس پہاڑ حوصلہ رکھنے والے ورکر کو میں نے اُس روز ٹوٹتے دیکھا جس روز آمرانہ عزائم کی تکمیل میں ایک آمر نے میاں نواز شریف کو جلاوطنی کی سزا دی اس قیامت پر اُس پر چھایا ہوا سکتہ میں نے دیکھا پھر وفا کی انتہا پر کھڑے اس ورکر نے آمریت کے خلاف جنوبی پنجاب میں ایک نئی روایت کے تسلسل کو قائم کیا ساتھی ورکروں کی قیادت کرتا ہوا وہ شاہرات پر اس اُمید کے ساتھ نکلتا کہ جبر کی سیاہ رات کے بعد روشن صبح طلوع ہونے والی ہے 2اپریل 2005کو جب وہ ایک آمر کے خلاف وفائوں کا کارواں لیکر نکلا تو ایک بار پھر لوہے کی زنجیروں میں کھنکھناتی ہتھکڑیاں اُس کا مقدر بن گئیں آمرانہ دور میں وہ پریس کانفرنسیں کرتا اور میڈیا کے سامنے اپنے قائد کی تعریف و توصیف میں حد سے گزر جاتا وہ سیاستدان جو ہمیشہ مفادات کے جھولے جھولتے ہیں
میاں نواز شریف کی وفائوں کا دم بھرتے نہ تھکتے تھے طوطا چشم ہو گئے اپنے مفادات کی تجوریاں بھرنے کیلئے مشرف حکومت کے دستر خوان پر جا بیٹھے میاں یٰسین آزاد نے ان کٹھن حالات میں اپنی قیادت کا مقدمہ انتہائی جاندار انداز میں لڑا مشرف کا ریفرنڈم آیا تو تو ریاستی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے کیلئے ایک بار پھر میاں یٰسین آزادکمر کس چکا تھا اپنے موقف اور میاں نواز شریف کے ساتھ جڑے ہوئے اٹوٹ نظریات کو اُس نے لوگوں پر واضح کیا اور اپنے ضلع میں ریفرنڈم کے خلاف ایک تحر یک چلائی اور جس روز 10 ستمبر کو میاں نواز شریف نے اپنی ہنگامی آمد کا اعلان کیا تو میاں یٰسین اپنے کارواں کی قیادت کرتا ہوا شہر اقتدار جا پہنچا وہ جن ورکروں کی قیادت کر رہا تھا اُن کے چہروں کا جنون اور خاموش اشتعال اُس وقت طوفان بن گیا جب ایک آمر نے اُن کے قائد کو ایئر پورٹ سے زبردستی ڈی پورٹ کیا دیدار قائد نہ ہونے کی بنا پر ما ہی بے
آب کی طرح تڑپتے یہ نظریاتی ورکر ریاستی پولیس کے مد مقابل آگئے تشدد ،جیل کا ننگا فرش ، سلاخیں اور کلائیوں میں ہتھکڑیاں نظریاتی ورکروں کا ابد سے زیور رہے ہیں ،میاں شہباز شریف کی لاہور اور میاںنواز شریف کی اسلام آباد آمد پر میاں یٰسین آزادکی وفا نے انہیں بخوشی قبول کیا بالآخر مسلم لیگی قیادت وطن واپس لوٹی استقلال اور مضبوطی سے ڈٹے رہنے والے میاں یٰسین آزادجیسے ورکروں جن کے پاس قیادت کے لکھے گئے خطوط بطور سند موجود ہیں کے من میں اُمید کی کرن جاگی کہ اب عزت کا تاج ورکروں کے ماتھے پر ہی سجے گا مگر ایسا شاید ممکن نہ تھا پارلیمانی کلاس ورکروں کے استحصال میں پیش پیش تھی
وہ عوامی نمائندے جن کے سر پر 2002،2008،2013کے الیکشن میں میاں یٰسین آزادکی کاوشوں نے جیت کا سہرا سجایا جو برے وقت میں ہمیشہ آنکھیں پھیر کر قیادت کو مشکلات کے منجدھار میں چھوڑ کر وفاداریاں بدلتے رہے ایک بار پھر ورکروں کے حقوق غصب کرتے دکھائی دے رہے ہیںقیادت پر آنے والی حالات کی کڑی دھوپ میں ڈھال بننے والے میاں یٰسین جیسے ورکر تشنہ رہ گئے ضلعی نشستوں پر عہدوں کی بندر بانٹ کیلئے اُنہوں نے ایکا کر لیا میاں یٰسین آزاد کو جب کوئی اپوزیشن کی پارٹی کا ورکر اُس کی قیادت کے ساتھ وفائیں یاد دلاتا ہے تو ایسے لگتا ہے کہ چشم تر میں اُمڈ آنے والے آنسو دل پر گرنے کو ہیں جب میں میاں یٰسین آزاد جیسے ورکروں کی سسکتی ہوئی زندگی ،روتی ہوئی آرزوئیں ،ٹوٹے ہوئے خواب ،اقتدار میں بھی بے یارو مدد گار دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ ان لہو لہان نظریات کی پامالی کا انت کہاں جا کر رکے گا مجھے میاں شہباز شریف اور نواز شریف سے فقط اتنا کہنا ہے کہ پارٹیوں میں میاں یٰسین جیسے نظریاتی ورکروں کا نام ہی بقائے دوام کے آسماں پر آفتاب بن کر چمکتا ہے
تحریر:ایم آر ملک