راولپنڈی (جیوڈیسک) کسٹم عدالت نے غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے خصوصی جج ممتاز چوہدری نے ماڈل ایان علیکی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ماڈل ایان علی کی جانب سے وکلاء کا پینل اور ان کے والد راجا محمد حفیظ پیش ہوئے، ایان علی کے وکلاء نے کہا کہ ان کی موکلہ کے خلاف غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کا مقدمہ نہیں بنتا ۔ یہ رقم انہیں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے بھائی خالد ملک نے دی جو زمین فروخت کر کے حاصل کی گئی تھی۔ جوابی دلائل میں وکیل استغاثہ نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی کرنسی کی منتقلی کا باقاعدہ قانون موجود ہے جس کےتحت ہی رقم منتقل ہوسکتی ہے، یہ اسمگلنگ کا کیس ہے کیونکہ ایان علی کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔
سماعت کے دوران ایان علی کے والد راجا محمد حفیظ نے عدالت سے مقدمے میں فریق بننے کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے سمن جاری کردیا گیا۔ راجا حفیظ نے کہا کہ ان کی بیٹی کے خلاف سازش کی گئی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایان علی کی درخواست ضمانت خارج کردی۔