اسلام آباد(ایس ایم حسنین)دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے مسائل کی سب سے بڑی وجہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی سے انکار ہے ،دنیا بھر میں عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحانات کے برعکس پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں رواداری کو فروغ مل رہا ہے۔۔یہ بات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برداشت کے عالمی دن کے سلسلے میں وزارت خارجہ میں منعقدہ “موجودہ دور میں رواداری کی اہمیت” کے موضوع پر ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی. انھوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب بین الاقوامی سطح پر عدم رواداری کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی پارلیمنٹ میں عیسائیوں ، ہندووں ، سکھوں اور دیگر اقلیتوں کی نمائندگی نے عالمی سطح پر رواداری کو فروغ دینے کے علاوہ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی کا پیغام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی سے انکار کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔وقت کیساتھ جمہوری اقدار مضبوط ہو رہے ہیں۔تحمل اور برداشت کے فروغ کیلئے معاشرتی ہم آہنگی ضروری ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کووڈ 19 وبائی مرض کی موجودہ صورتحال میں جہاں لوگ پوری دنیا میں غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں،اس مشکل وقت میں رواداری اور صبر و تحمل کا فروغ بہت ضروری تھا۔وزیر خارجہ نے پڑوسی ملک کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں عدم رواداری ، انتہا پسندی عروج پر ہے اور نئے امتیازی قوانین کے ذریعے اقلیتوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔