اسلام آباد(ویب ڈیسک )بھارت کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے جب کہ پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بھاگ نکلے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزارت خارجہ میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا،اجلاس میں سابقہ خارجہ سیکرٹریز اور سینئر سفارتکار شرکت کریں گے ،اجلاس موجودہ صورتحال پر مشاورت کیلئے طلب کیا گیاہے۔ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور بھارتی طیارے اپنے نصب ہتھیار بالاکوٹ کے قریب گرا کر فرار ہوگئے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی دراندازی کے واقعے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا تاہم پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی طیاروں کی جانب سے کھلے علاقوں میں گرائے گئے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کردیں۔پلوامہ حملے کے بعد 40 سے زائد بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا بدحواس ہوچکا ہے اور پڑوسی ملک سے مسلسل پاکستان کو سبق سکھانے، سفارتی سطح پر تنہا کرنے اور جنگ کرنے جیسی آوازیں آرہی ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کے ہمراہ ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ملک کو درپیش خطرات اور بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت پر جوابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔