اسلام آباد(ایس ایم حسنین) بھارت اپنے نفرت آمیز، جارحانہ اقدامات کے باعث کشمیر سمیت پورے خطے کیلئے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔یہ بات وزیرخاجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں کہی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ڈاکٹر یوسف العثیین کے ساتھ اسلاموفوبیا، بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کے بانی رکن ہونے کے ناطے، مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے، او آئی سی کو ایک اہم پلیٹ فارم گردانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ممالک میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے نفرت آمیز، جارحانہ اقدامات کے باعث کشمیر سمیت پورے خطے کیلئے خطرے کی علامت بن چکا ہے۔ ہندوستان کی حکومت، نئے ڈومیسائل قوانین کے اطلاق سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی مذموم کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف سامنے آنے والے مذمتی بیانات قابل ستائش ہیں