اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی متحدہ عرب امارات کے اہم دورے کے دوران امارات کے حکمران ،نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شیخ محمد بن راشد کو وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچایا اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کیلئے ان کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ موجودہ مضبوط باہمی تعلقات کو مزید تقویت بخشنے اور بڑھانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے مابین تعاون کو مزید تقویت دینے کے طریقوں ، باہمی تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امکانات بالخصوص زراعت کے شعبے میں تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے شیخ محمد بن راشد المکتوم سے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے استفادہ کرنے کی ترغیب دیں اور دبئی ایکسپو 2020 کی ایک شاندار کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ قریشی نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا ایونٹ میں پاکستان کو موثر انداز میں شرکت کرنے کے قابل بنانے پر اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان، کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے اہم دورے پر دبئی پہنچے جہاں دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی، سفارتخانے کے سنیئر افسران اور اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔وزیر خارجہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی معاملات ،دو طرفہ تعلقات، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔اسکے علاوہ وزیر خارجہ اس موقع پر لوکل اور عالمی میڈیا کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرینگے۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے – وزیر خارجہ، اپنے اس دورہ کے دوران متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وزیر خارجہ کا دورہ، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گہرے تاریخی ،مذہبی اور تہذیبی بنیادوں پر استوار دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے انتہائی اہم ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔