اسلام آباد(ایس ایم حسنین) وزارت خارجہ نےکابل میں راکٹ حملے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان امن عمل کو متاثر کرنے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آج کابل شہر میں ہونے والے راکٹ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور متعدد لوگ زخمی ہوگئے۔ ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اللہ تعالی لواحقین کو صبر اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔ آمین انھوں نے کہا کہ افغان عمل کو آگے بڑھانے کے لئے جب عالمی برادری کوشاں ہے، ایسے موقع پر ان عناصر سے ہوشیار رہنا اہم ہے جوامن کے لئے کوششوں کو تباہی سے دوچار کرنے پر مصر ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم افغانستان کی برادر عوام کے ساتھ مکمل یک جہتی اور ان کی حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔