اسلام آباد(ایس ایم حسنین) قابض بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری اور خنجار سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ بیان کے مطابق بھارتی فوج نے 12 نومبر 2020 کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبادی کو نشانہ بنایا جس کے باعث دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ قابض بھارتی فوج کی بلاجوازاور بلاامتیاز فائرنگ کے نتیجے میں ’ایل۔او۔سی‘ کے رکھ چکری سیکٹر میں پچپن سالہ محمد بشیر ولد شاہ ولی سکنہ گاوں تریبند شہید ہوگئے جبکہ خنجر سیکٹرمیں تئیس سالہ نوید اقبال ولد حاجی اقبال، پینتالیس سالہ فرزانہ کوثر زوجہ حاجی اقبال اور انیس سالہ طیبہ کوثر زوجہ نوید اقبال سکنہ گاوں سماہنی شدید زخمی ہوگئے۔ قابض بھارتی فوج ’ایل۔او۔سی‘ اور ’ورکنگ۔باونڈری‘ پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔ رواں برس 2020ءمیں بھارت نے 2729مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 21 بے گناہ شہری شہید اور 206شدید زخمی ہوئے۔ قابض بھارتی فوج کی جانب سے بے گناہ شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا گیا کہ بے حسی پر مبنی یہ کارروائیاں 2003 کے جنگ بندی معاہدے، انسانی عظمت ووقار، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین اور پیشہ وارنہ فوجی طرز عمل کے برعکس اور اس کی صریحا خلاف ورزی ہے۔ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیاں ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کی مسلسل بھارتی کوششوں کا مظہر اور خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی میں اضافہ کے ذریعے بھارت غیرقانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ بھارت پر زوردیا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی سمجھوتے کا احترام کرے، تازہ ترین اور اس سے قبل ہونے والی جنگ بندی کی دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے ،’ ایل اوسی ‘ اور ’ورکنگ باونڈری‘ پر امن قائم کرے۔ بھارت پر یہ بھی زوردیاگیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے پاکستان اور بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تفویض کردہ اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔ دریں اثنا پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سےایک شہری شہید بھی ہوا ہے۔ بھارتی فوج نے مارٹر گولوں اور راکٹس کا استعمال کیا پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سے پہلے بھی بھارتی فوج نے رکھ چکری اورنیزا پیر سیکٹرز پرمقامی آبادی کونشانہ بنایا تھا۔ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ہالینڈ کے شہر ہیگ میں سعودی سفارت خانے میں فائرنگ کی شدید مذمت کرتا ہے۔ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کے دارالحکومت میں سعودی سفارت خانے پر فائرنگ شرمناک اور عالمی قوانین قوانین کی پامالی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈچ حکام کی فوری کاروائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، توقع ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلطنت سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، سعودی عرب کی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے میں برادر ملک کے ساتھ کھڑے ہیں
پاکستان نے ہالینڈ کے شہر ہیگ میں سعودی سفارت خانے میں فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی۔