وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، وکلابرادری کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وزارت قانون و انصاف میں پنجاب کی مختلف بار کونسلوں کے صدور، سیکرٹریز اور عہدیداروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، ایم این اے ملک کرامت کھوکھر بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری کے ہمراہ، پنجاب بار کونسل، ڈسٹرکٹ بار لاہور، ڈسٹرکٹ بار ملتان کے اعلی عہدیداران میں وفاقی حکومت کی جانب سے چیک تقسیم کیے۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے وکلاسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلابرادری کی فلاح و بہبود موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز، بار ایسوسی ایشنز کے فلاح و بہبود کیلئے بجٹ میں خصوصی طور پر مختص کئے گئے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ بار کونسلز کی آزادانہ حیثیت برقرار رکھنے کے لئے مالی خودمختاری بہت ضروری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشکل مالی حالات کے باوجود، بار کونسلز کی ضروریات اور مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی داد رسی کیلئے کوشاں ہیں ۔حکومت عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے، وکلاءنے وزیر خارجہ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں وکلاءبرادری کو درپیش مسائل کا پورا ادراک ہے، حکومت، وکلاءبرادری کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام ممکنہ ضروری اقدامات کرے گی۔وزیر خارجہ نے وکلاءبرادری کو ان کے مسائل، ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔