بھارت میں بیویوں کے ستائے ہوئے شوہروں کیلئے ایک آشرم قائم کر دیا گیا ہے جہاں 400 سے زائد افراد رہتے ہیں۔
اورنگ آباد: بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اورنگ آباد شہر کے قریب میں ایک آشرم قائم کیا گیا ہے، جہاں بیویوں کی زیادتیوں کے شکار مظلوم شوہر رہائش پذیر ہیں۔ اس آشرم میں چار سو سے زائد افراد رہتے ہیں۔ آشرم میں خواتین کے لیے کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی داخلے کی کوئی اجازت ہے۔ آشرم کے ارکان کی خاص بات یہ ہے کہ تمام افراد اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ ان میں انجینئرز، وکلاء اور پروفیسر حضرات بھی شامل ہیں۔ یہاں ہندو ہو یا مسلمان شوہر سب مل جل کر رہتے ہیں۔ ساڑھے چار سو ارکان میں پانچ مسلمان ہیں ،لیکن ان کا اتحاد دیکھنے لائق ہے۔ ان کے کرب نے انہیں ایک دوسرے کے اتنا قریب کر دیا ہے کہ حقیقی رشتے انھیں پھیکے نظر آنے لگے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہاں رہنے والے ہر شوہر کی اپنی اپنی کہانی ہے تاہم یہ تمام افراد اپنی بیویوں کی زیادتیوں کی وجہ سے یہاں رہنے پر مجبور ہیں۔ ایسے تمام مظلوم افراد کو ایک چھت کے نیچے جمع کرنے کا کام بھارت پھلارے اور ان کے ساتھیوں نے کیا ہے۔ آشرم کی صفائی، کھانا بنانا، برتن اور کپڑے دھونا یہاں تک کہ بستر بجھانا اور اٹھانا بھی آشرم کے ارکان خود ہی کرتے ہیں۔