لاہور: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق آل راﺅنڈر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شین واٹسن پاکستان جانے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور کا میلہ روشنیوں کے شہر کراچی میں سجنے کو تیار ہیں اور ہر سیزن میں غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان جانے سے انکار کے باعث سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو رواں سیزن میں بھی یہ مسئلہ درپیش ہے تاہم شین واٹسن نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز انتظامیہ اور مداحوں کو خوشخبری سنا دی ہے۔شین واٹسن نے یہ فیصلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی درخواست پر کیا جس کی تصدیق ٹیم منیجر اعظم خان نے بھی کر دی ہے اور اب شین واٹسن پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے خلاف میچ سمیت دیگر تمام میچوں میں حصہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شین واٹسن کو آج صبح 5 بجے تک قائل کرنے کی کوشش ہوتی رہی جس میں کامیابی مل ہی گئی۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم مینجمنٹ نے شین واٹسن کو پاکستان کے حالات کے بارے میں بتایا اور یقین دہانی کروائی کہ انہیں وہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہو گا جس پر واٹسن نے اپنے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد ہاں کر دی حالانکہ اس سے قبل وہ پاکستان نہ جانے کا عندیہ دے چکے تھے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تمام میچز مکمل ہو چکے ہیں اور اب 9 مارچ میں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں میلہ سجے گا جہاں پہلا میچ 9 مار چ بروز اتوار کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا، ملکی کرکٹرز آج شام پہنچ رہے ہیں جبکہ واٹسن سمیت غیرملکی کھلاڑی ہفتہ کو دبئی سے آئیں گے۔