لیفٹننٹ کرنل (ر) حبیب چھ اپریل کو نیپال کے علاقے لمبینی سے لاپتہ ہوئے ،یہ علاقہ بھارتی سرحد سے صرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے:ذرائع
اسلام آباد: پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل حبیب ظاہر نیپال میں لاپتہ ہوگئے،انھیں نوکری کا جھانسہ دیکر نیپال بلایا گیا،اہلخانہ سے آخری رابطہ بھارتی سرحد سے پانچ کلومیٹر دور لمبینی ائیر پورٹ پر ہوا۔ ذرائع کے مطابق لیفٹننٹ کرنل (ر) حبیب چھ اپریل کو نیپال کے علاقے لمبینی سے لاپتہ ہوئے ،یہ علاقہ بھارتی سرحد سے صرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے،حبیب ظاہر کو ساڑھے تین ہزار سے ساڑھے آٹھ ہزار ڈالر کی تنخواہ پر وائس پریذیڈنٹ اور زونل ڈائریکٹر کی آفر ہوئی،انھیں نوکری کنفرم کرنے کے لئے کٹھمنڈو آنے کو کہا گیا اور عمان ایئرلائن کی بزنس کلاس کی ٹکٹ بھجوائی گئی۔ حبیب ظاہر کا پانچ اپریل کو عمان ایئرپورٹ پر جاوید انصاری نامی شخص نے استقبال کیا اور کٹھمنڈو کا ایک نمبر دیا،چھ اپریل کو کٹھمنڈو پہنچے اور اسی روز لمبینی کے لئے روانہ ہوگئے،انھوں نے چھ اپریل دو ہزار سترہ کو اہلخانہ کو لمبینی ایئرپورٹ پہنچے کا پیغام بھیجا مگر اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہ ہوسکا۔ حبیب ظاہر نے چند ماہ پہلے لنکڈن اور اقوام متحدہ کی ویب سائٹ پر سی وی اپ لوڈ کیا تھا،انھیں مارچ 2017 میں برطانیہ سے مسٹر تھامس نامی شخص نے فون کیا،کرنل (ر) حبیب سے دوسرا رابطہ بھی بھارت سے ہوسٹ ہونے والی جعلی ویب سائٹ کے ذریعے کیا گیا جو اس وقت بند ہے،تحقیقات کے مطابق برطانیہ میں مسٹر تھامسن کا ٹیلی فون نمبر بھی جعلی ہے۔