اسلام آباد: نیب نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری، میئرکراچی وسیم اختر، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال اور رکن پنجاب اسمبلی مہراعجاز کے خلاف مختلف نوعیت کے الزامات کی تحقیقات شروع کر دیں۔
نیب ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کے خلاف نیب تحقیقات شروع کردی ہیں، ثناء اللہ زہری کے مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے، وسیم اختر کے خلاف سرکاری فنڈز میں مبینہ طور پر 10 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے جبکہ وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے خلاف بھی نیب نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، نیب ذرائع کے مطابق سہیل انور سیال پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے، لیہ سے رکن پنجاب اسمبلی مہر اعجاز کے خلاف بھی انکوائری شروع کردی گئی ہے، مہر اعجاز پر سرکاری زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے۔